کراچی : پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ باؤنس کم تھا مگر وکٹ اسپنر کیلئے سازگار رہی، غلطیوں سے جتنا سیکھا جائے وہ بہتر ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ ٹیم کے ساتھ کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ٹیسٹ میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلے دن اور پہلی اننگز میں ابتدائی وکٹیں جلد گریں، کراچی کی وکٹیں سلو ثابت ہوتی ہیں، باؤنس کم تھا مگر وکٹ اسپنر کیلئے سازگار رہی۔
بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے ٹیم گروم ہوتی ہے، دوسرے روز سینئر کھلاڑیوں نے بہتر پرفارم کیا۔،
فہیم اشرف اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھا پرفارمر ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری سوچ یہ ہے کہ ٹور میں پرفارم کرنا ضروری ہے، ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہمیں مل جاتا ہے، جب ہم دیگر ممالک میں میچز جیتیں گے تو حوصلہ بڑھے گا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو یہی کہا جاتا ہے کہ اپنے آپ پر بھروسہ رکھو، کھلاڑیوں کو دباؤ کا شکار ہوئے بغیر کھیلنے کا کہتا ہوں، غلطیوں سے جتنا سیکھا جائے وہ بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مجھے نارمل ہی دکھائی دیئے، نتائج آنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے،
پرفارمنس میں اتار چڑھاو آتا رہتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جیت ہماری ٹیم کیلئے کافی اہمیت رکھتی ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ہم نے اچھی نہیں کھیلی تھی، اس بار ہماری ٹیم نے ہر شعبے میں اچھی پرفارمنس دکھائی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کو کراچی ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
کھیل کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔