پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں تاہم اب وہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی قیادت میں کھیلیں گے۔
بابر اعظم اب محمد رضوان کی زیر قیادت کرکٹ کھیلیں گے تاہم محمد رضوان قومی ٹیم نہیں بلکہ کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں وینکوور نائٹس کے کپتان ہوں گے اور قومی کپتان بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔
وینکوور کے اسکواڈ میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، محمد عامر کے علاوہ آصف علی بھی شامل ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریتوریس اور نیپال کے سندیپ لمیچانے بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
کینیڈا گلوبل لیگ کی فرنچائز وینکووور نائٹس نے محمد رضوان کو کپتان مقرر کرنے کے العان کے ساتھ ان کے نام کے ہمراہ ’’سر‘‘ بھی لکھا۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سر رضوان زور آور بیٹنگ اور پھرتیلی وکٹ کیپنگ کے ساتھ ٹیم کو فتحیاب کروانے کیلیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ 25 جولائی سے 11 اگست تک کینیڈا میں کھیلی جائے گی۔