اسلام آباد : رہنما تحریک انصاف بابراعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم کے امیدوار شاہد خاقان عباسی نجی کمپنی سمیت کئی دیگر کمپنیوں کے سی ای او ہیں چنانچہ وہ وزیراعظم کا انتخاب نہیں لڑسکتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما اور ممتاز قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی نجی بزنس کرتے ہیں اور کئی اداروں کے سربراہ ہے چنانچہ آئین کے تحت وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب نہیں لڑ سکتے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کے عہدے کے تقاضے پورے نہیں کرسکتے وہ اپنے کاروباری اداروں کے مفاد میں فیصلے کر سکتے ہیں اس لیے وہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کرتے چنانچہ الیکشن کمیشن وزیراعظم کےانتخاب میں آئینی ذمےداری نبھائے۔
رہنما تحریک انصاف نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ وزیراعظم کےالیکشن نامزدگی فارم میں اثاثوں کاخانہ غائب ہے جس پر الیکشن کمیشن کو فوری ایکشن لیتے ہوئے اس کا سدباب کرنا چاہیئے اور فارم میں اثاثہ جات سے متعلق خانہ شامل کرایا جائے۔
خیال رہے نواز شریف کی نااہلی کے بعد یکم اگست کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا چناؤ ہونے جا رہا ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی جب کہ تحریک انصاف کی طرف سے شیخ رشید امیدوار ہوں گے۔