رام مندر کے افتتاح کے بعد بھارتی لوک سبھا میں ’بابری مسجد زندہ باد‘ کے نعرے لگ گئے، اس دوران دوسرے اراکین حیرت سے دیکھتے رہے۔
مجلس اتحادالمسلمین ہند کے صدر اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی لوک سبھا میں تقریر کررہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ‘بابری مسجد زندہ باد، زندہ باد، بھارت زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔
ایودھیا میں رام مندر پر منعقدہ مختصر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انھوں نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ نے 16 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کے انہدام کی مذمت کی تھی۔
مسلمان رہنما نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ بابری مسجد کے انہدام کے ذمہ دار دو لوگوں کو بھارت رتن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسلامی عمارت کی تباہی تکلیف دہ ہے۔ سپریم کورٹ نے محکمہ آثار قدیمہ کی رپورٹ کو مسترد کردیا تھا۔
بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مسجد بنانے کے لیے مندر نہیں توڑا گیا۔ کیا مودی کی حکومت صرف ہندوؤں کے لیے ہے یا پوری قوم کے لیے؟ بابری مسجد زندہ باد، بھارت زندہ باد۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ 6 دسمبر کے واقعے کے بعد جن نوجوانوں کو ٹاڈا ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا بعدازاں انھیں رہا کردیا گیا۔