سیاحوں کے لئے بڑی خوشخبری ناران کے بعد بلند ترین سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ کو چھ ماہ کی بندش کے بعد کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مشہور سیاحتی مقام بابوسر روڈ کو 6 ماہ تک بند رہنے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، علاقے میں شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہوگئی تھیں۔
ہر سال بابوسر ٹاپ کھلنے سے کاغان، ناران میں سیاحوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے، اب سیاح برف کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ ساتھ شمالی علاقہ جات کا سفر بھی کرسکیں گے۔
دوسری جانب مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ٹریول ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق مسافروں اور سیاحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی الرٹس کو چیک کرنے کے بعد بابوسر روڈ کے لیے اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔
دیامر سے مانسہرہ تک کا سفر بابوسر روڈ کے ذریعے 7 گھنٹے میں طے ہوتا ہے جبکہ یہی فاصلہ شاہراہ قراقرم کے ذریعے 14 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔