منیٰ : حج کے لئے جانے والے اردنی جوڑے کودہری خوشیاں مل گئیں، ایک حج کی اور دوسری بیٹے کی پیدائش کی، بیٹے کا نام ’وضاح‘ رکھ دیا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اردنی خاتون کو تکلیف ہوئی ، جس پر خاتون کو عرفات میں واقع جبل الرحمۃ کے اسپتال لایا گیا، جہاں اس نے بچے کو جنم دیا۔
بیٹے کی ولادت پر باپ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا، والد نے بیٹے کا نام جبل الرحمۃ اسپتال کے ڈائریکٹر کی نسبت سے ’وضاح‘ رکھا دیا۔
اسپتال انتظامیہ کی طرف سے ماں اور بچے کو ہرممکن طبی سہولت مہیا کی گئی، دونوں کی صحت تسلی بخش ہے۔
وزارت صحت نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نومولود کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عرفات کے اسپتال میں پیدا ہونے والے پہلے بچے کا نام وضاح رکھا گیا ہے۔
في أطهر البقاع، جاء مولود اليوم في عرفة.. #العالم_في_قلب_المملكة pic.twitter.com/Xip8A3Wbq5
— التواصل الحكومي (@CGCSaudi) August 20, 2018
دوسری جانب وقوف عرفہ کے بعدمناسک حج کی ادائیگی جاری ہے اورلاکھوں حجاج کرام رمی جمرات، قربانی ، سر منڈوانے اور طواف زیارت میں مصروف ہیں۔
خیال رہے عرفات مکہ سے 20 کلومیٹر جنوب مشرقی ہے، جہاں مسلمانوں 9 ذوالحج کو حج کے سب سے اہم رکن وقوفہ عرفہ ادا کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔