بجلی صارفین کے لیے بُری خبر ہے کہ آئندہ مہینوں میں اس کے مہنگے ہونے کا امکان ہے نیپرا نے مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت بھی مکمل کر لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیپرا نے مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ فیصلہ اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب این پی سی سی حکام کا کہنا ہےکہ آئندہ مہینوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال 20 فیصد لوڈ زیادہ ہے۔
این پی سی سی حکام کے مطابق رواں برس بجلی کی پیداوار کے لیے پانی کم ہے۔ پانی کی نسبت دیگر ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی مہنگی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک چیز واضح نظر آ رہی ہے کہ پانی کم ہے۔ ہماری سائیڈ پر خدشات موجود ہیں مگر اللہ رحیم ہے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ پانی کی کمی اور موسمی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا انتظامات کیے گئے ہیں جس پر این پی سی سی حکام کا کہنا تھا کہ پانی کم ہونا انسان کے اختیار میں نہیں، اس کا کچھ نہیں کر سکتے۔