لاہور: سگریٹ نوش طلبہ ہوشیار ہو جائیں، سگریٹ نوشی کرنے اور دیگر نشہ کرنے والے طلبہ کو کسی کالج میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جہاں صوبہ پنجاب میں فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے کے لیے طلبہ تیاری کر رہے ہیں، وہاں حکومت نے خبر دار کر دیا ہے کہ سگریٹ نوش اور دیگر نشہ کرنے والے طلبہ کو کسی کالج میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے کے لیے ہیلتھ پروفارما مکمل کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، ڈی پی آئی کالجز پنجاب نے یہ سمری شعبہ ہایئر ایجوکیشن کو ارسال کر دی ہے۔
پروفارما میں جنرل ہیلتھ پروفائل کے ساتھ کالج اور طالب علم کا نام بھی شامل ہوگا، ہیلتھ پروفارما میں پارٹ اے، بی، سی، ڈی اور ای مکمل کرنا ہوگا۔
ماہر نفسیات طالب علم کی جسمانی حالت چیک کر کے ایک اجازت نامہ دے گا، شک پڑنے پر سائیکاٹرسٹ پیشاب یا خون ٹیسٹ تجویز کر سکتا ہے۔
ماہر نفسیات یہ بھی دیکھے گا کہ طالب علم کا رویہ کیسا ہے، وہ اپنا خیال رکھتا ہے یا نہیں، وہ کسی بھی صورت حال میں کس طرح ریسپانس دیتا ہے، سوالات کے جواب کس طرح دیتا ہے۔