بھارتی ریپر و گلوکار آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ نے پہلی بار اپنی سابقہ بیوی جیسمین مسیح سے علیحدگی کی وجہ بتادی۔
بھارت کے معروف گلوکار بادشاہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ اور اپنی بیٹی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
بادشاہ نے کہا کہ ہم دونوں نے ایک ساتھ رہنے کی بہت کوشش کی، اس رشتے کو ختم نہ کرنے کے لیے سب کچھ کرلیا، لیکن ہمیں جلد احساس ہوا کہ ہماری شادی شدہ زندگی کی وجہ سے ہماری بیٹی پر غلط اثر پڑرہا ہے۔
بادشاہ نے اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا اپنی بیٹی کے ساتھ بہت دوستانہ تعلق ہے، اور اسے لگتا ہے کہ اس کے والد بہت اچھے ہیں، جب میں لندن جاتا ہوں تو اپنی بیٹی سے ملاقات کرتا ہوں۔
گفتگو کے دوران بھارتی ریپر نے اپنی بیٹی کا ایک قصہ سنایا، بادشاہ نے کہا کہ ایک بار میری بیٹی میرے کنسرٹ میں تھی، اور وہ کہہ رہی تھی میرے والد بہت اچھے ہیں لیکن میں ان کی مداح نہیں ہوں۔
بادشاہ نے کہا کہ میری بیٹی آل گرل پاپ گروپ بلیک پنک کو سنتی ہے، وہ اپنے والد کی نہیں بلکہ ’کے پاپ بینڈ بلیک پنک‘ کی مداح ہیں، اور یہ بات بطور والد اور گلوکار سننا تھوڑا تکلیف دہ ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر مقبول گلوکار و ریپر بادشاہ نے پہلی شادی جیسمین مسیح سے کی تھی اور ان کی ایک بیٹی ہے جس کا نام جیسمی گریس مسیح سنگھ ہے، تاہم دونوں نے 2020 میں راستے جدا کر لیے تھے۔
View this post on Instagram