بغداد : عراقی دارالحکومت بغداد میں تین دن کے دوران ہونے والے تیسرے بم دھماکے میں کم از کم 48افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز بغداد کےجنوبی علاقے بعیا میں خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کار سے عوام کو نشانہ بنایا،جس میں 48افراد ہلاک جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
بغداد خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیاگیاہے،جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
خیال رہےکہ اس سےقبل بدھ کی شام بغداد کےمضافاتی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں : بغداد میں خودکش دھماکہ‘18افراد ہلاک
صدر سٹی نامی علاقے کی مصروف مرکزی شاہراہ میں ایک پک اپ ٹرک کے ذریعے خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا تھاجس میں 42 افراد زخمی بھی زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہےکہ داعش کے حملوں میں اس وقت سے تیزی دیکھی گئی ہے جب چار ماہ قبل امریکی فوج کی مدد کے ساتھ عراقی فوج نے دولت اسلامیہ کےخلاف موصل میں آپریشن شروع کیاتھا۔
واضح رہےکہ اس سے قبل رواں ہفتےمنگل کے روز جنوبی بغداد میں ایک اور حملے میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ صدر سٹی کے علاقے میں ہی دو جنوری کو ہونے والے حملے میں 35 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔