کراچی: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں بہادر آباد اور پی آئی بی ایک ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیو ایم کے علاوہ کسی اور پلیٹ فارم سے آئیں تو مہاجر قوم ووٹ کی خیرات نہ دے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی نے بہادری سے بتا دیا کہ ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، آرمی چیف اور چیف جسٹس ان کی اپیلوں کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ مل جل کر آگے بڑھیں گے تو بیرونی قوت نہ جھکا سکتی ہے اور نہ ہی ختم کر سکتی ہے، حکوت، اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کا نام استعمال ہونے کی تحقیقات کرے، تشدداور نفرت ہمارا طرز سیاست نہیں، جبر کی سیاست نہ کبھی کی ہے اور نہ قبول کریں گے۔
فاروق ستار کہاں جائیں گے، انہیں بہادر آباد ہی آنا ہے، خالد مقبول صدیقی
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کی طاقت ہیں، اختلافات کو اس حد تک نہیں بڑھانا چاہتے کہ پھر مل نہ سکیں، آج بھی ایم کیوایم مضبوط ہے، اس سے پہلے بھی مشکل حالات کا سامنا کر چکے ہیں، ہمارا یقین ہے کہ یہ بحران بھی جلد ختم ہو جائے گا، ہمارا اتحاد ہی سب سے بڑا دفاع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس میں ہم پر الزامات لگائے، انہیں چاہیے کہ وہ ان الزامات کا جواب دیں اور میں سمجھتا ہوں فاروق ستار ان الزامات کا جواب دیں گے، آج ایم کیو ایم پاکستان میں کوئی چہرہ پلانٹڈ نہیں ہے لیکن میئر کراچی کو ہٹانے کی کوشش عوام اور جمہوریت کے ساتھ بھی سازش ہے۔
دو یوم تاسیس ، کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے، خالد مقبول صدیقی
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کمزور یا دباؤ میں آجائے تو ہمیں بتائے مل کر اس کا سامنا کریں گے، سندھ کے عوام 35 سال سے ایم کیوایم کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ ہم پر قرض ہے، عوام کا یہ قرض چکائیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔