بہاولپور چڑیا گھر میں تیندوے کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بہاولپور چڑیا گھر میں صبح ساڑھے 11 بجے سوئپر صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتا چلا، ڈی سی، اے سی، پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے، جاں بحق شخص سے کسی قسم کی شناختی دستاویزات نہیں ملیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔
چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے، ڈپٹی کمشنر، ہیڈ آف فرانزک، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے، انچارج فرانزک، ریسکیو انچارج کرائم سین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تیندوے کے پنجرے سے ایک شخص کی لاش ملنے کے واقعے کا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لیا تھا۔
انتظامیہ کا موقف تھا کہ واقعہ ممکنہ طور پر رات کو پیش آیا، اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ شہری پنجرے میں کیسے داخل ہوا۔
چڑیاگھرانتظامیہ نے بتایا تھا کہ جس پنجرے سے شہری کی لاش ملی وہاں 4 تیندوے موجود تھے۔