بہاولپور: دوسری بیوی نے سوتیلے بچوں کے ساتھ رہنے سے منع کیا تو باپ نے سگے بچوں کا گلا گھونٹ دیا۔ ملزم نے تین بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق دوسری بیوی کی محبت باپ کی شفقت پر غالب آگئی، بہاولپور کے رہائشی فاروق نے اپنے ہی ہاتھوں سے اپنی دُنیا اجاڑدی۔
قائد اعظم کالونی کے رہائشی فاروق نے کچھ عرصہ قبل پہلی بیوی کے انتقال پر دوسری شادی کی تھی ۔دوسری بیوی کسی بات پر ناراض ہو کرمیکے چلی گئی فاروق منانے گیا تو بیوی نے بچوں کے ساتھ رہنے سے انکار کردیا۔
فاروق گھر ناکام لوٹا اورطیش میں آکر دس سالہ عمیرآٹھ سالہ زہرہ اور چھ سالہ زنیرہ کو موبائل چارجر کے تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا، ملزم نے خود بھی زہر پینے کا ڈرامہ کیا۔
فاروق کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بعد ازاں ملزم نے اعتراف جُرم کرلیا۔ پولیس نے بچوں کے ماموں کے بیان پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردی.