جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت 13 جون تک منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ہریش کمپنی کیس میں پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت 13 جون تک منظور کر لی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے 13 جون تک آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، عدالت نے انھیں 5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

تاہم سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ مچلکے 5 لاکھ نہیں 2 لاکھ کیے جائیں۔

جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کیوں، کیا آصف زرداری کا کیش ختم ہو گیا ہے؟ وکیل نے کہا کہ مؤکل کی جانب سے اتنے کیسز میں کیش جمع کرایا گیا ہے کہ کیش تو ختم ہوگا نا۔

یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی

عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کو 2 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ آج سابق صدر آصف زرداری کی طرف سے ضمانت قبل از گرفتاری کی ایک اور درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ نیب نے کال آف نوٹس 16 مئی کو جاری کیا تھا، نیب نے مجھے انکوائری کے لیے بلایا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ کیسز کی سماعت مکمل ہونے تک ہائی کورٹ ضمانت دے۔

یاد رہے نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ہریش کمپنی کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے اور ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا آصف زرداری کو نیب تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر ملزم بنایا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں