کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 5 شہروں میں کرپشن کی انکوائری کا سامنا کرنے والے کنٹریکٹر شہزاد جتوئی کی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے کنٹریکٹر شہزاد جتوئی کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی، شہزاد جتوئی کے خلاف قومی احتساب بیورو کی جانب سے 5 شہروں میں انکوائری جاری ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف نیب کے کراچی، بلوچستان، ملتان، راولپنڈی ریجنز میں انکوائری زیر التوا ہے، درخواست گزار انکوائریوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن انھیں گرفتاری کا اندیشہ ہے۔
ایڈووکیٹ راج واحد نے عدالت کو بتایا کہ پتا نہیں کب نیب کی جانب سے انکوائری کو انویسٹیگیشن میں تبدیل کر دیا جائے، میرا مؤکل عمران خان تو ہے نہیں کہ اسے انکوائری کی تبدیلی سے آگاہ کیا جائے، اس لیے استدعا ہے کہ انکوائری کی انویسٹی گیشن میں تبدیلی کی صورت میں درخواست گزار کو پیشگی آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے سماعت کے بعد کنٹریکٹر شہزاد جتوئی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور ہدایت کی کہ انویسٹیگیشن میں تبدیلی سے انھیں بھی آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے چیئرمین نیب کو بھی وارنٹ جاری کرنے کے سلسلے میں قانون کی پابندی کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار پر کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے نہروں کے ٹھیکوں میں بدعنوانی کے الزامات ہیں۔