لاہور: بھارت سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، سکھ یاتری بیساکی میلے میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت سے ہزاروں سکھ یاتری بیساکی میلےاورخالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیےلاہور پہنچ گئے، ساڑھےچھے ہزار سے زائد سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔
سکھ یاتریوں کا کہنا ہے یہاں آ کر بہت عزت اور پیار ملتا ہے خواہش ہے کہ دونوں پنجاب ایک ہی ہو جائیں۔
مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پاک بھارت حکومتوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت تین ہزار ویزے جاری کیے جاتے ہیں، پاکستان نے خصوصی طور پر 6751 یاتریوں کو ویزا جاری کیے ۔
یاتریوں کا مطالبہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ویزا فری موومنٹ ہو۔
سکھ یاتری زیادہ تعداد کے باعث سکھ یاتروں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک کو گردوارہ پنجا صاحب حسن ابدال جبکہ دوسرے کو گردوارا دربار صاحب کرتار پور روانہ کیا گیا۔
یاتریوں کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں خصوصی بسوں کے ذریعے حسن ابدال پہنچایا جائے گا،جہاں ڈی پی او اٹک،اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال عارف قریشی و دیگر افسران کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنا کر انڈین یاتریوں کا استقبال کریں گے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اٹک پولیس کے 1500 سے زائد افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
یاتری اپنے تمام مذہبی مقامات اور گردواروں کی یاترا کرکے 19 اپریل کو واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔