معروف فیشن کمپنی بیلنسیگا نے پھٹے ہوئے جوتوں کو بھی پُر تعیش فیشن میں تبدیل کر دیا ہے اور تباہ شدہ خراب جوتوں کی قیمت تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لگژری فیشن برانڈ بیلنسیگا نے حیرت انگیز طور پر جوتوں کا ایک ایسا کلیکشن پیش کیا ہے جو پٹھے پرانے ہیں، اس نہایت خراب حال جوتوں کے کلیکشن کو پیرس اسنکیر کا نام دیا گیا ہے، تاہم یہ کلیکشن دیکھ کر انٹرنیٹ کے صارفین نے کمپنی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال اس کلیکشن میں محدود طور پر 100 مختلف ڈیزائن کے جوڑے پیش کیے گئے ہیں، جو مکمل طور پر تباہ حال ہیں۔
ان خراب حال جوتوں کی قیمت کمپنی نے 1 ہزار 850 ڈالر مقرر کی ہے، اور یہ دنیا بھر میں پری آرڈر پر دستیاب ہیں۔
فیشن کمپنی نے ان پھٹے جوتوں کا کلیکشن پیش کرتے ہوئے ایک نوٹ میں اس کے پیچھے موجود خیال کی وضاحت بھی جاری کی ہے، لگژری برانڈ کا کہنا ہے کہ ان جوتوں کو قصداً خراب کیا گیا ہے، اور انھیں اس طرح نشانوں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے جیسے یہ پھٹ چکے ہوں اور پرانے ہوں۔
بیلنسیگا کے مطابق یہ جوتے بیسویں صدی کے وسط کی ایتھلیٹزم، جب کھیلوں کا شوق پروان چڑھ رہا تھا، کو ذہنوں میں پھر سے تازہ کر دیتے ہیں، اور اسی لیے یہ کلاسک ڈیزائنز پر مبنی ہیں، جب سیاہ، سفید یا سرخ جوتے پہنے جاتے تھے اور یہ ربڑ کے سفید تلے کے ساتھ ہوتے تھے، اور ان کے پنجوں والا حصہ بھی سفید ہوتا تھا۔
ان جوتوں کے کینوس ادھڑے ہوئے اور کنارے پھٹے ہوئے ہیں، جس سے یہ تاثر ملتا ہے جیسے یہ پہلے پہنے جا چکے ہوں، لیکن ایسا ہرگز نہیں، یہ جوتے بالکل نئے اور لیس کے ساتھ ہیں، کچھ جوتوں کا پچھلا حصہ بند ہے اور کچھ جوتے بیک لیس ہیں۔