واشنگٹن : امریکہ نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کو گرانے کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا، جاپان کی بحری سیلف ڈیفنس فورس بھی مذکورہ انٹرسیپٹر میزائل کی تنصیب کرے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے جزائر مارشل کے ایک آزمائشی مقام پر پہلے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ امریکہ کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ اس نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کو گرانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے امریکہ اور جاپان کا مشترکہ طور پر تیار کردہ انٹرسیپٹر میزائل استعمال کیا گیا۔ وزارت کی میزائل دفاع کی ایجنسی نے گزشتہ روز بتایا کہ ایس ایم 3 بلاک آئی آئی اے انٹرسیپٹر میزائل نے ہوائی کے قریبی سمندر میں پیر کے روز اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
ایجنسی نے بتایا کہ ہوائی سے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع جزائر مارشل کے ایک آزمائشی مقام سے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل داغا گیا۔ ایک جدید ریڈار سے اس ہدف کی نشاندہی کی گئی اور ایجس نظام سے لیس تباہ کن بحری جہاز سے فائر کیے گئے انٹرسپٹر نے ہدف کو مار گرایا۔
درمیانے فاصلے کے بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے تجربات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔ تاہم، بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کو نشانہ بنانے کا پیر کے روز یہ پہلا تجربہ تھا۔
امریکہ نے بظاہر شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کے مدنظر اپنے میزائل دفاعی نظام میں بہتری کا مظاہرہ کیا ہے۔ امریکہ، شمالی کوریا کی میزائل ترقی سے متعلق شدید خدشات کا اظہار کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان کی بحری سیلف ڈیفنس فورس بھی ایس ایم 3 بلاک آئی آئی اے انٹرسیپٹر میزائل کی تنصیب کرے گی۔