کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں آج اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اسپیکروڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس آج دوپہر تین بجے ہوگا جس کی صدرات اسپیکرراحیلہ حمید درانی کریں گے۔
بلوچستان اسمبلی میں نئے اسپیکروڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکرکے لیے عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے میرعبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار بابرموسیٰ خیل کو نامزد کیا ہے۔
اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں اور دوپہرڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی درست قرار دینے والے امیدواروں کے نام اسمبلی سیکرٹریٹ کے نوٹس بورڈ پرآویزاں ہوں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پہلے اسپیکر کے عہدے کے لیے انتخاب ہوگا اور پھر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
بلوچستان اسمبلی میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا
واضح رہے کہ تین روز قبل بلوچستان کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا، اسپیکربلوچستان اسمبلی راحلیہ حمید درانی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا تھا۔