ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بلوچستان عوامی پارٹی کا منشور: پس ماندہ اضلاع کی ترقی، تعلیم، صنعت، اور پبلک انشورنس پر خصوصی توجہ

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کردیا، منشور میں پس ماندہ اضلاع کی ترقی، تعلیم، صنعت، اور پبلک انشورنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بی اے پی نے کہا ہے کہ پس ماندہ اضلاع پرخصوصی توجہ دی جائے گی، دیہی علاقوں کو منظم کر کے سہولتیں فراہم کی جائیں گی، بلدیاتی اداروں کو مستحکم کیا جائے گا۔

بی اے پی منشور کے مطابق بلوچستان میں پانی کا سنگین مسئلہ حل کیا جائے گا، بندر گاہ کے قریب سہولتیں فراہم کی جائیں گی، زرعی شعبے کے لیے مراعات لائی جائیں گی، دور درازعلاقوں کے لیے شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

منشور میں کہا گیا ہے کہ غریب اور مستحق طلبا کے لیے تعلیمی اخراجات فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، مڈل کلاس تک 100 فی صد داخلوں کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی اور سرکاری اسکولوں میں جدید لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔

معدنی دریافت کے سلسلے میں خصوصی کام، بلوچستان بینک، صنعتی علاقوں کا قیام، بجٹ اور مالیاتی بہتری کے اقدامات، کان کنی کے شعبے کو وسائل کی فراہمی، شعبۂ صحت میں ہیلتھ انشورنس کارڈ اسکیم کا اجرا بھی منشور کا حصہ ہیں۔

بی اے پی کا کہنا ہے کہ آئندہ 5 سال میں صوبے میں سرمایہ کاری کا تناسب بھی بڑھایا جائے گا، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے بیورو آف انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ قائم کیا جائے گا، عالمی اور مقامی تعاون سے معیاری اسپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے۔

بھارت پڑوسی ملک کو استعمال کر کے دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہا ہے، نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

منشور میں شعبۂ پولیس میں اصلاحات بھی شامل ہیں، پولیس بجٹ میں اضافہ اور قابل اعتماد ساز و سامان سے شعبے کو لیس کیا جائے گا، پولیس کی تربیت کے لیے اصلاحی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

منشور میں ایک منفرد منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، یہ ہے عوامی امتیازی کارڈ، جو کہ حادثات میں متاثرہ لوگوں کو دیا جائے گا، اسی طرح شہریوں کے لیے کم لاگت اور رعایتی انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں