ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

بلوچستان کا سالانہ بجٹ پیش، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان کے آئندہ مالی سال 25-2024 کیلیے 930 ارب روپے سے زائد کا سرپلس بجٹ پیش کر دیا گیا جس میں پنشن اصلاحات لانے، بلوچستان پنشن فنڈ 2 ارب روپے رکھنے، تعلیم کے بجٹ میں 52 فیصد، صحت میں 30 فیصد اضافہ کرنے، وفاق کی طرز پر تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کی تجویز شامل ہیں۔ صوبائی ترقیاتی بجٹ کیلیے 321 ارب مختص کیے گئے جبکہ 3 ہزار نئی آسامیاں تخلیق کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جس میں 25 ارب روپے سے زائد کا سرپلس ظاہر کیا گیا۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیرانی نے بجٹ تقریر میں کہا کہ بجٹ میں صوبے کی آئندہ مالی سال کیلیے کل آمدن کا تخمینہ 955 ارب روپے لگایا گیا جس میں وفاق سے 726.6 ارب روپے صوبائی محصولات کی مد میں 124 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ کل اخراجات کا تخمینہ 930 ارب روپے ہے جس میں غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 609 ارب روپے غیر ترقیاتی بجٹ کا کل حجم 321 ارب روپے ہے۔

- Advertisement -

صوبائی ترقیاتی بجٹ میں 2704 نئے منصوبے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعداد 3976 بتائی گئی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنشن اصلاحات کے تحت یکم جولائی سے نئے سرکاری ملازمین کیلیے کنٹریبیوشن فنڈ متعارف کرانے کے علاوہ بلوچستان سول سرونٹ ایکٹ 1974 اور بلوچستان سول سرونٹ پنشن رولز 1989 کے متعلقہ شقوں میں ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تعلیم کیلیے 126 ارب، صحت کیلیے 57 ارب روپے مختص کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ  لوکل گورنمنٹ گرانٹ 16 ارب سے بڑھاکر 35ارب روپے کر دیا گیا، 29 ہزار زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے، مختلف اسپتالوں کی مشینری کی خریداری کیلیے 2.8ارب روپے، ادویات کی خریداری کیلیے 6.6ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ کوئٹہ کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں کو نیم خودمختار بنایا جا رہا ہے۔

بجٹ میں ماہی گیروی و ساحلی ترقی کیلیے 6 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔ محکمہ تعلیم میں 535 نئی آسامیاں تخلیق کی جائیں گی۔ وفاقی حکومت کی طرز پر گریڈ 1 سے 16 ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا۔ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 22 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ریٹائر ملازمین کی پینشن 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلیے 582 ملین روپے، صحت کارڈ کیلیے بجٹ میں 5.5 ارب روپے مختص کیے گئے۔

صوبائی وزیر خزانہ کی تقریر میں بتایا گیا کہ جنرل پبلک سروس کیلیے 138 ارب 40 کروڑ، امن و امان کیلیے 93 ارب 12 کروڑ روپے، اکنامک افیئرز کے محکموں کیلیے 79 ارب 36 کروڑ روپے، تحفظ ماحولیات کیلیے 90 کروڑ مختص کیے گئے۔

ہاؤسنگ و کمیونٹی سہولیات کیلیے 49 ارب 92 کروڑ روپے، تفریح و سیاحت، ثقافت و مذہبی امور کیلیے 6 ارب روپے، سماجی تحفظ کے شعبے کیلیے 13 ارب 35 کروڑ، صوبے پر واجب الادا قرضوں کی ادائیگی کیلیے 8 ارب 65 کروڑ پنشن اور دیگر مدات کیلیے 13 ارب روپے مختص کیے گئے۔

Comments

اہم ترین

منظور احمد
منظور احمد
منظور احمد اے آر وائی نیوز بلوچستان سے وابستہ سینیئر رپورٹر ہیں

مزید خبریں