کوئٹہ: محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان کی جانب سے سرکاری محکموں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات پر مشتمل سرکاری دستاویز اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ کی سربراہی میں سب سے زیادہ 2024 میں بدعنوانی کی شکایات پر انکوائریاں کی گئیں اور مقدمات بنائے گئے۔
محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان کے دستاویز کے مطابق محکمے نے 2024 میں بدعنوانی کی شکایات پر 36 انکوائریاں کیں، 2019 میں 14، جب کہ 2020 میں 17، 2021 میں سب سے کم صرف 5، 2022 میں 14، سال 2023 میں 23 انکوائریاں کی گئیں، جب کہ 2024 میں سب سے زیادہ بدعنوانی کے 19 مقدمات درج کر کے کیس فائل کیے گئے۔
نمایاں مقدمات میں سابق چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ بلوچستان عارف شاہ کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ شامل ہے، سابق وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ اور محسن پراچہ کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا، محکمہ پولیس کے عبدالحئ و دیگر افسران کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پاکستان کے تنخواہ دار طبقے نے 6 ماہ میں کتنا ٹیکس ادا کیا؟ اہم انکشاف
بولان میڈیکل کالج کے اہلکار طارق جاوید اور محکمہ بہبود آبادی کے اسسٹنٹ عبداللہ جان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف آرٹیٹک و دیگر کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈی جی عبدالواحد کاکڑ کے مطابق بدعنوانی کے تدارک کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن حکومت بلوچستان بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔