کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں دکانوں کا 2 ماہ کا کرایہ وصول کرنے پر پابندی عائد کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبے میں 2 ماہ کادکانوں کا کرایہ وصول کرنے پر پابندی لگادی، محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ 24 مارچ سے 24 مئی تک کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کرایہ مانگنے یا دکان خالی کرانے والے جائیداد مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک مزید توسیع کردی گئی ہے، بلوچستان میں ماسک پہننا ہم نے 5 دن پہلے ہی لازمی قرار دیا تھا۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے لوگوں کو کرونا سے بھی بچائیں اور معمولات زندگی بھی چلے، اگر عوام نے لاک ڈاؤن کو سنجیدہ نہ لیا تو اس میں مزید سختی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام رجسٹرڈ مساجد کو فنانشل پیکیج دیا جائے گا تاکہ انہیں مشکلات نہ ہوں۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ 1300 کنٹینرز پر مشتمل کرونا آئسولیشن وارڈ بنارہے ہیں، یاد رہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 656 تک پہنچ گئی ہے اور 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔