بلوچستان میں نوشکی دالبندین شاہراہ پر ایف سی کے قافلے پر کالعدم بی ایل اے کے خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے آج صبح ایف سی کانوائے پر بارودی دھماکا اور خود کش حملہ کیا، بزدلانہ خود کش حملے میں ایف سی کے 3 جوانوں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف فوری موثر جوابی کارروائی کی، ابتدائی کارروائی میں خود کش حملہ آور کے علاوہ 3 اور دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نےعلاقےکو گھیرے میں لے کر کلیئرنیس آپریشن شروع کردیا ہے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے بھاگنے والے تمام راستے بلاک کر دیے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے نوشکی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ابتدائی تحقیقات سے دھماکا خودکش معلوم ہوتا ہے، ابتدائی شواہد کے مطابق خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرائی، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے، انہوں نے دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، ملک دشمن وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے، بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔