کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل شروع نہ ہو سکا، وزیر اعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 3 روز رہ گئے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے لیے تاحال کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اسپیکر کا عہدہ لینے کا خواہش مند ہے، جب کہ اسپیکر کے لیے ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی نے راحیلہ حمید درانی کا نام مرکزی قیادت کو تجویز کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صوبائی پارلیمانی کمیٹی نے اسپیکر کا عہدہ کسی اور جماعت کو دینے کی مخالفت کی ہے، جب کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے نامزدگی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کرے گی۔
ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی نے صوبے میں ترجیحی وزارتوں کے نام بھی طے کر لیے ہیں، پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد اور پاور شیئرنگ کے معاملات طے کرنے کے لیے ن لیگ کی جانب سے 7 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں جام کمال خان، نواب جنگیز مری، میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل اور جنرل سیکریٹری جمال شاہ کاکڑ کمیٹی کا حصہ ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت سے ملاقات و مشاورت کے بعد کمیٹی پیپلز پارٹی سے معاملات پر بات چیت شروع کرے گی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے حصے میں آنے والی وزارت اعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر کسی کو تاحال نامزد نہیں کیا گیا ہے، دونوں جماعتوں کے نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی و صوبائی قیادت مرکزی قیادت کی جانب دیکھ رہی ہے۔