کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمشنر نے بلوچستان سے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی۔
صوبائی الیکشن کمشنر و ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری ابتدائی فہرست کے مطابق بلوچستان سے سینٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 17 امیدوار مد مقابل ہیں۔
امیدواروں میں سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، اے این پی کے ایمل ولی خان، نیشنل پارٹی کے جان محمد بلیدی، ن لیگ کے شاہ زیب درانی، پیپلز پارٹی کے چنگیز جمالی، سردار عمر گورگیج، جمعیت کے مولانا واسع سمیت دیگر کے نام شامل ہیں۔
خواتین کی نشستوں پر 8 اور ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 13 امیدوار مد مقابل ہیں، خواتین امیدواروں میں حسنہ بانو، ثنا جمالی اور ن لیگ کی راحیلہ حمید درانی سمیت دیگر شامل ہیں۔
انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ کو کی جائے گی، 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی، ایپلیٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔
امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہوگی، 27 مارچ تک امیدوار دست بردار ہو سکیں گے، پولنگ 02 اپریل 2024 کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک صوبائی اسمبلی بلوچستان کوئٹہ میں ہوگی۔