کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے۔
پولیس کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ کو3 گولیاں لگیں، حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سمیت دیگر واقعات اور حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔
بلوچستان: نامعوم افراد کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک
لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زمران کے پہاڑی علاقوں میں لاشوں کی اطلاع ملی جس پر لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔
لیویز حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مارے جانے والے افراد منشیات ڈیلرتھے، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔