کوئٹہ : بلوچستان میں موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں موسم کی صورتحال مزید سرد ہوتا جارہا ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11 تک ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، محکمہ مواصلات کی مشینری اور عملہ شاہراہوں پر تعینات کردیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرغون خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے کل بلوچستان کا دورہ کریں گے، حساس اضلاع میں محکمہ مواصلات اور این ایچ اے کی بھاری مشینری پہلے سے موجود ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11اور زیارت میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8ڈگری، ژوب میں کم سے کم منفی 2 دالبندین میں منفی 4 ڈگری، پنجگور میں درجہ حرارت ایک، نوکنڈی میں صفر، بارکھان میں 2سینٹی گریڈ، اوماڑہ میں درجہ حرارت 9،جیونی میں7،گو ادر میں 10ڈگری جبکہ تربت میں درجہ حرارت ایک ،سبی میں5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار میں کم سے کم درجہ حرارت 2،پسنی میں 9ڈگری سینٹی گریڈ ہے اس کے علاوہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتراضلاع میں بارش اور برفباری کا قوی امکان ہے۔