راولپنڈی: ایف سی نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک خودکش بمبار سمیت 24 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن کا تعلق بی آراے،یو بی اے سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خودکش بمبار سمیت 24 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، خود کش بمبار سمیع اللہ کا تعلق ایل ای جے سے ہے جب کہ گرفتار ہونے والوں میں دو دہشت گرد محمد خان اور جلال الدین بھی شامل ہیں۔
اسی سے متعلق: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی: تحریک طالبان مالاکنڈ کا نائب امیر ہلاک
جاری بیان کے مطابق دونوں دہشت گردوں کا تعلق دہشت گرد تنظیم یو بی اے سے ہے، دونوں دہشت گرد ریلوے ٹریک بم سے اڑانے میں مطلوب تھے۔
گرفتار کیے گئے تمام دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا ان میں ایل ایم جیز،ایس ایم جیز، بندوقیں، 16 کلو بارود، دستی بم، راکٹ، مارٹر شیل، 15 ہزار سے زائد مختلف راؤنڈز شامل ہیں۔