کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں بانی ایم کیو ایم کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کوچیلنج کردیا گیا ، لاہور ہائی کورٹ نے 2015 میں پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں بانی ایم کیو ایم کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست شہری محمد شمس کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بحیثیت فالورمجھے ان کی تقاریر سننے کا آئینی حق ہے، بانی ایم کیوایم ریاست کے خلاف نعروں پر معافی مانگ چکے ہیں۔
درخواست میں پیمرا اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے لاہور ہائی کورٹ نے 2015 میں پابندی لگانے کا حکم دیا تھا بعد ازاں بانی ایم کیو ایم نے 22 اگست 2016 کو کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے کارکنان سے خطاب کیا تھا، جس کے بعد وہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگا کر اے آر وائی نیوز کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔
مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کے ساتھ سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں بھی کیا تھا۔
ایک روز بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے فاروق ستار کی قیادت میں اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئیا۔