اسلام آباد : پاکستان نے عید پرکشمیریوں کی مذہبی آزادی پر بھارتی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے انسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
تفصیلات کے مطابق جنت نظیر مقبوضہ وادی کشمیر پر قابض ظالم بھارتی افواج نے کشمیری عوام پر مذہبی اجتماع منعقد کرنے کی پابندی عائد کرکے ایک اور ستم ڈھا دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کے لاک ڈاؤن کی سخت مذمت کرتا ہے، بھارت فوج نے مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکا ہے، دنیا بھر میں مسلمان بڑے اجتماعات میں نماز عید ادا کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت نےانسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی کو جیل میں تبدیل کرکے مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکا گیا، مواصلات کے ذرائع بند کرکے کشمیریوں کو رشتہ داروں سے ملاقات سے بھی روکا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے اجتماعی سزا انسانی حقوق کے تمام قواعد کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی کمیونٹی جبر کے خلاف بھارت سے سوال کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف مذہبی جبر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔