پشاور: خیبر پختون خوا کے تمام نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ترانہ اب ریکارڈ شدہ نہیں چلے گا بلکہ پڑھا جائے گا، خیبر پختون خوا کی حکومت نے تمام نجی اسکولوں میں ریکارڈڈ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد کردی۔
اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سرکاری مراسلے کے مطابق زیادہ تر اسکولوں میں ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے اسمبلی میں ترانہ بجایا جاتا ہے، جس پر پابندی ہوگی۔
مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ آج کے بعد اسکولوں میں طلبہ یا اسٹاف ممبر خود ترانہ پڑھ کر سنائیں، اس سے طلبہ میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں ہر اجلاس کے آغاز میں قومی ترانہ سنانے کی قرارداد پاس
مزید کہا گیا کہ قومی ترانہ کسی بھی قوم کے ماضی، حال اور مستقبل کا عکاس ہوتا ہے اور نئی نسل کو اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کی خاطر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں قومی اسمبلی نے ہر اجلاس کے آغاز پر قومی ترانہ سنائے جانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ قرارداد خیبر پختون خوا سے پی ٹی آئی کے سنیئر لیڈر شہریار آفریدی نے پیش کی تھی۔
یاد رہے کہ حفیظ جالندھری کا لکھا گیا قومی ترانہ پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان پر اپنی مخصوص دھن کے ساتھ بہ یک وقت 11 گلوکاروں کی آواز میں نشر کیا گیا تھا۔