کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گیند پر تھوک لگانے کی پابندی بولرز کو روبوٹ بنادے گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ گیند پر تھوک لگانے کی پابندی سے بولرز روبوٹ لگیں گے لیکن کرونا کے پیش نظر احتیاط کے طور پر اس پابندی کو ماننا ہوگا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کبھی سوچا نہ تھا کہ گیند پر تھوک لگانے پر پابندی لگ سکتی ہے، بچپن سے تھوک لگا کر گیند چمکائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیند کو پسینہ لگائیں گے تو وہ بھاری ہوجائے گی، ویسلین لگا کر ٹیمپر کرکے گیند سوئنگ ہوسکتی ہے پر کتنی ویسلین لگائیں اور کب گیند کو کھرچیں یہ تعین کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس، کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے احتیاطی تدابیر کے تحت گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو امپائر صورتحال کے مطابق کچھ نرمی کریں گے اور ٹیم کو وارننگ دیں گے۔
فی اننگز میں ٹیم کو دو وارننگ دی جائیں گے جس کے بعد مسلسل اس عمل کو دہرانے پر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز دے دیے جائیں گے جب کہ بولنگ سے قبل کھلاڑی کو گیند پر لگی تھوک صاف کرنے کا پابند کیا جائے گا۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران کسی کھلاڑی میں کرونا علامات ظاہر ہونے پر ٹیم کو متبادل پلیئر شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے میچ ریفری سے منظوری ضروری ہوگی، متبادل کھلاڑی کے حوالے سے منظورہ شدہ نیا اصول ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے نہیں ہوگا۔