اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکالنے کی منظوری دے دی۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے اطلاعات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے کابینہ کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر عائد پابندی ختم کرنے فیصلہ کرلیا۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے دی جانے والی منظوری کی سمری وزارتِ داخلہ کو موصول ہوچکی، جس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکالنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے بعد ٹی ایل پی پر عائد سیاسی پابندیاں ختم ہوگیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔
گذشتہ روز وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا تھا کہ وزارت قانون نےحکومت پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی اور پابندی اٹھانے کی حمایت بھی کی ہے۔
ٹی ایل پی پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد اُسے آئین کے تحت سیاسی آزادی حاصل ہوجائے گی، جس کے تحت وہ کرین کے نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کی مجاز ہوگی۔
عبد القادر گزشتہ 14 برس سے اے آر وائی نیوز کے اسلام آباد بیورو سے بطور سینئر رپورٹر وابستہ ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیر اعظم آفس، وفاقی کابینہ کی رپورٹنگ کرتے ہیں، بالخصوص پاکستان تحریک انصاف، اپوزیشن قیادت اور اہم سیاسی تبدیلیوں پر گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ سیاسی رپورٹنگ، پارلیمانی امور اور حکومتی و اپوزیشن حلقوں سے مستند خبروں کے حوالے سے ایک معتبر صحافتی آواز ہیں۔




