اسلام آباد: وزارت خزانہ کی جانب سے سرکاری اداروں میں مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ بند کردی گئی ہے، ریفریشمنٹ، تحفے تحائف پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اداروں میں مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ بند کردی گئی ہے، یکم فروری سے ریفریشمنٹ، تحفے تحائف کا بجٹ نہیں دیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس مد میں جمع کرایا گیا کوئی بل ادا نہیں کیا جائے گا، اس مد میں کیا گیا خرچہ کسی اور بل میں ضم نہیں کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ریفریشمنٹ، تحفے تحائف پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزارت خزانہ نے کنٹرولر اور اکاؤنٹنٹ جنزل کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: کفایت شعاری مہم ، وفاقی حکومت کا جاری اخراجات میں 10 فیصد بچت کا فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم سے متعلق اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جس میں وفاقی حکومت کا جاری اخراجات میں 10 فیصد بچت کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد ہو گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشنل مقاصد کے لئے گاڑیاں خرید سکیں گے، گاڑیاں خریدنے کے لئے وزارت خزانہ سے این او سی لازمی قرار دیا گیا تھا۔