بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام فیصلے اب فوج کرے گی۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک چھوڑنے کے بعد عوام سے اپنے پہلے خطاب میں انہیں صبر کی تلقین کی ہے اور ملک کا نظام چلانے کے لیے مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تمام فیصلے فوج کرے گی۔
جنرل وقار الزماں نے کہا کہ بنگلا دیشی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ عوام صبر کا مظاہرہ کریں املاک کو نقصان نہ پہنچائیں اور پُر امن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں، کیونکہ پُر تشدد واقعات اور املاک کو نقصان پہنچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں اب تک جو کچھ بھی غلط ہوا ہے، اس کا ازالہ کیا جائے گا اور مل کے مسائل کا حل مل کر نکالیں گے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد کرفیو بھی اٹھا لیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں سے مذاکرات میں مخلوط حکومت بنانے پر بات کی ہے اور تمام سیاستدانوں سے مثبت انداز میں بات ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل شیخ حسینہ واجد نے وزارت عظمیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد وہ فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت روانہ ہو گئی تھیں۔
بنگلہ دیشی آرمی چیف کی وارننگ کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد مستعفی، بھارت روانہ