بنگلہ دیشی سینئر بیٹر مشفق الرحیم نے ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ ہوگئے، انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
چیمپئنزٹرافی 2025 میں گروپ اسٹیج سے باہر ہونے کے بعد بنگلہ دیشی بیٹر مشفق الرحیم نے ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، اپنے ملک کی طرف سب سے زیادہ 274 ون ڈے میچز کھیلنے والے مشفق نے سپورٹ کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مشفق نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر لکھا کہ "الحمدللہ ہر چیز کے لیے، اگرچہ عالمی سطح پر ہماری کامیابیاں محدود رہی ہونگی لیکن ایک بات یقینی ہے کہ جب بھی میں نے اپنے ملک کے لیے میدان میں قدم رکھا، میں نے لگن اور ایمانداری کے ساتھ 100 فیصد سے زیادہ دینے کی کوشش کی۔
مشفق الرحیم نے کہا کہ میں آخر میں اپنی فیملی، دوستوں اور مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے لیے میں 19 سال سے کرکٹ کھیل رہا تھا۔
مشفق الرحیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے 2 سال قبل ہی ریٹائر ہوچکے ہیں جب کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے، انھیں 100 ٹیسٹ میچز کی کائونٹنگ پوری کرنے کے لیے مزید 6 ٹیسٹ درکار ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم کو بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھوں نے 274 ون ڈے میچز میں 9 سنچریوں اور 49 نصف سنچریا اسکور کرتے ہوئے 7795 رنز اسکور کیے۔
وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم نے بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ 299 شکار کیے جن میں 243 کیچ اور 56 اسٹمپ شامل ہیں۔