لاہور: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ملکی صورتحال کے بعد پاکستان کے دورے پر کب آئے گی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 13 اگست کو لاہور پہنچے گی، مہمان ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، پی سی بی نے بنگلہ دیش بورڈ کو پیشکش کی تھی کہ وہ اپنی ٹیم پہلے بھیج دے۔
ڈھاکا کے حالات کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم کو وہاں پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا، بنگلہ دیش ٹیم اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 روز پریکٹس کرکے اسلام آباد جائیگی۔
بنگلہ دیشی مینز کرکٹ ٹیم 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی، پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلاٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائےگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے کراچی کے ایچ بی ایل نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
سی او او پی سی بی سلمان نصیر نے کہا کہ کھیل صرف جیت ہار کا نام نہیں یہ دوستی بھی ہے، چاہتے تھے بنگلہ دیش ٹیم کو ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کا مناسب موقع مل سکے، ہمیں خوشی ہے بنگلہ بورڈ نے ہماری پیشکش قبول کرلی۔
سی ای او بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نظام الدین چوہدری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اضافی ٹریننگ سہولت کی وجہ سے ٹیم کو بہترتیاری کا موقع ملےگا۔