بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل میچز نہ کھیلنے فیصلہ کیوں کیا گیا، اس کی اہم وجہ سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی حکام نے تصدیق کردی ہے کہ حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ون ڈے میچز نہیں کھیلے جائیں گے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے آفیشل کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کی سیریز صرف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ ون ڈے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کی وجہ سے کیا گیا ہے، اب پاکستان کے ساتھ سیریز میں ون ڈے میچز نہیں ہوں گے بلکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے مقابلے ہونگے۔
اس اضافی سیریز کا فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران ملاقات میں کیا تھا، تاہم اب اسے بدل دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کو اپنے دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا تھے لیکن اب آئندہ انٹرنیشل ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔
بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے مئی میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جب کہ پاکستان ٹیم جولائی میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔