ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں 7 جنوری کو عام انتخابات پر سوالات اٹھنے لگے۔
بی بی سی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے عام انتخابات ون وومین شو ہوگا، حکمران جماعت عوامی لیگ مسلسل چوتھی بار منتخب ہونے کے لیے تیار ہے۔
سیاسی قائدین کا کہنا ہے کہ یہ ایک مضحکہ خیز الیکشن ہوگا جو جمہوریت کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا، ہم جعلی انتخابات دیکھنے جارہے ہیں۔
حزب اختلاف کی اہم جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، اپوزیشن کے کئی رہنماؤں کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران اپوزیشن کے چھ رہنماؤں کی جیل میں پراسرار طور پر موت واقع ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اوراس کے اتحادیوں کا کہنا ہے انہیں یقین نہیں کہ شیخ حسینہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کرائیں گی۔
بی این پی کے سینئر رہنما عبد المعین خان نے بی بی سی کوبتایا بی این پی کے بیس ہزار سے زیادہ حامیوں کومن گھڑت الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ لاکھوں کارکنوں کےخلاف مقدمات درج کیے گیے ہیں۔