ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں تیار کیا جانے والا کھویا، جسے کرڈ آف بوگرا کہا جاتا ہے، بنگلہ دیش کی مشہور ترین ڈشز میں سے ایک ہے۔
یہ کھویا ملک بھر میں تیار کیا جاتا ہے تاہم بنگالی شہر بوگرا میں تیار کیا گیا کھویا نہایت لذیذ ہوتا ہے اور ملک بھر میں اس کی بے تحاشہ مانگ ہے۔
اس ڈش کو اب جدید طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے، تاہم اسے تیار کرنے کا روایتی طریقہ اب بھی کئی مقامات پر رائج ہے۔ بنگالی ضلع شیرپور میں بھی اس ڈش کو صدیوں پرانے روایتی طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔
اس کے لیے ایک بڑے تنور کے گرد دودھ کے پیالے رکھے جاتے ہیں اور اس کے اوپر بانس سے بنی بڑی سی چھتری ڈھانپ دی جاتی ہے۔ اس چھتری کے اندر 12 گھنٹے تک ایک مخصوص حرارت میں رہنے کے بعد لذیذ کھویا تیار ہوجاتا ہے۔
اس لذیذ ڈش کی فروخت کا آغاز ہندوستان سے ہجرت کرنے والے ایک شخص گرو گوپال چندرا گوش نے کیا تھا جو بوگرا میں آبسا تھا۔ وہ اس سے قبل ہندوستان میں بھی یہی کاروبار کرتا تھا۔
یہاں بھی اس کا بنایا گیا کھویا جلد مقبول ہوگیا جس کے بعد اس نے بڑے پیمانے پر اس کی فروخت کا سوچا۔ اسی زمانے میں اس کی بنائی ہوئی ڈش کسی طرح اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان تک پہنچی جنہیں اس کا ذائقہ بے حد پسند آیا۔
وزیر اعظم پاکستان نے گرو گوپال کو اپنا کاروبار بڑھانے کے لیے ذاتی جیب سے ایک بڑی رقم دی جس سے گرو نے اپنی فیکٹری کا آغاز کیا۔ جلد ہی اس کی بنائی ہوئی ڈش ملک بھر میں بھیجی جانے لگی۔
یہ کھویا مختلف ذائقوں میں بھی دستیاب ہے جو تمام ہی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فروخت ہوتے ہیں۔