نئی دہلی: سیاسی بحران کے بعد بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی صورت حال کے باعث بھارتی فوج نے مشرقی بارڈر پر ہائی الرٹ کر دیا ہے، ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے اعلان کیا ہے کہ وہ بنگلادیش میں ہونے والی پرتشدد بدامنی کی وجہ سے ہندوستان-بنگلادیش سرحد پر ہائی الرٹ برقرار رکھیں گے۔
بنگلادیش کے لیے ہندوستانی ریل خدمات بشمول کولکتہ-ڈھاکا میتری ایکسپریس کو بھی اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے تمام زمینی اہلکاروں کو سرحد کے ساتھ تعینات کرنے اور مزید ہدایات کے آنے تک الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
سڑکوں پر کھڑی رکاوٹوں اور اضافی اہلکاروں کی تعیناتی سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار میں خلل پڑنے کا امکان ہے، مشترکہ سرحد سے کاروباری سامان کی نقل و حرکت متاثر ہوگی اور شپنگ میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری طرف آج بنگلادیش میں صبح کرفیو اٹھائے جانے کا امکان ہے، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی آج کھولے جائیں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ آج بھارت سے لندن روانہ ہوں گی، سابق بنگلادیشی وزیر اعظم نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
ان کے بیٹے سجیب واجد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ والدہ بہت مایوس ہیں وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی، ملک سے فرار حسینہ واجد بھارت پہنچیں تو نئی دہلی کے قریب غازی آباد کے ایئر بیس پر بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے ان سے ملاقات کی، جب کہ بھارتی فضائیہ لینڈنگ تک حسینہ واجد کے طیارے کی نگرانی کرتی رہی۔
خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر بہن کے ہمراہ بھارت فرار ہو گئی تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد آج بھارت سے لندن کے لیے روانہ ہوں گی تاہم شیخ حسینہ واجد کو برطانوی حکومت نے سیاسی پناہ کی یقین دہانی نہیں کرائی، وہ لندن پہنچ کر طویل سیاسی پناہ کے لیے درخواست کریں گی، شیخ حسینہ اپنی بہن کے ساتھ نئی دہلی میں سیف ہاؤس میں موجود ہیں۔