میرپور: بنگلہ دیشی بیٹرز مہدی حسن اور محمود اللہ نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 272 رنز کا ہدف دیا ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت نہ ہوسکا، بنگال ٹائیگرز کے 6 کھلاڑی 69 کے مجموعے پرپویلین لوٹ گئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلہ دیش جلد آل آؤٹ ہوجائے گی تاہم مہدی حسن اور محمود اللہ نے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔
دونوں بیٹرز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 148 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو منجدھار سے نکالا بلکہ ٹیم کے اسکور کو قابل قدر مجموعے تک لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مہدی حسن نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست سینچری جڑی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، محمود اللہ نے بھی 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سہارا فراہم کیا۔
بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، محمد سراج اور عمران ملک کے حصے میں دو دو وکٹ آئیں۔
اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بھی مہدی حسن نے بھارت کے خلاف جیت میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا،بنگلادیشی بیٹر کو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔