نئی دہلی: بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بنگلہ دیش ٹیم کو مشکل درپیش ہے، ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی کے میچ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔
کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 27 ستمبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی، مہمان سائیڈ کو اس لیے پریشانی ہے کہ تجربہ کار کھلاڑی شکیب الحسن انگلی کی انجری کا شکار ہیں اور ان کا کھیلنا یقینی نہیں۔
بنگلہ دیشی سلیکٹر حنان سرکار نے بتایا کہ شکیب ڈاکٹر کی نگرانی میں ہیں اور کانپور میں ان کے کھیلنے کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
چنئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران شکیب کو بیٹنگ کرتے ہوئے جسپریت بمراہ کی گیند انگلی پر لگی تھی اور تکلیف کے باعث انھیں میدان میں ہی فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی تھی۔
بی سی سی سلیکٹر حنان سرکار نے منگل کو ٹیم کانپور پہنچے گی، وہاں ہمارے دو سیشن ہوں گے۔ اس کے بعد ہم دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے شکیب الحسن کی دستیابی کا فیصلہ کریں گے۔
حنان نے کہا کہ کانپور ٹیسٹ میچ شروع ہونے میں ابھی وقت ہے، اس دوران ہم ان کی حالت دیکھیں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ ان کے ہاتھ کی چوٹ موضوع بحث ہے۔
خیال رہے کہ چنئی ٹیسٹ میچ میں شکیب کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی، وہ پہلی اننگز میں 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری اننگز میں صرف25 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے، وہ دونوں اننگز میں بھی وکٹیں لینے میں ناکام رہے تھے۔