ڈھاکہ: بنگلادیش میں جاری کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے ضلع نرسنگدی میں قائم جیل پر دھاوا بول کر آگ لگا دی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ مظاہرین نے آج جیل پر حملہ کرتے ہوئے سینکڑوں قیدیوں کو فرار کروا کر اسے نذرآتش کر دیا۔
پولیس آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد مشتعل مظاہرین نے جیل کو آگ کی عمارت کو آگ لگائی۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی تعداد نہیں بتا سکتا لیکن وہ سو سے زائد تھے۔
ضلع نرسنگدی میں سینئر سرکاری اہلکار نے جیل پر حملے کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی۔
ایک شہری نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس نے کم از کم 20 قیدیوں کو ہینڈ بیگ میں اپنا سامان لے کر جیل سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔
بنگلادیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج نے شدت اختیار کی تو حکومت نے مذاکرات کا اعلان کیا۔ پُرتشدد مظاہروں میں اموات کی تعداد 50 ہوگئی ہے جس میں ایک صحافی بھی جاں بحق ہوا۔
ملک بھر میں نیوز چینل، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہے جبکہ سینٹرل بینک کی آفیشل ویب سائٹ بھی ہیک کر لی گئی ہے۔ مظاہرین نے سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹرکو آگ لگائی۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربر کی گولیاں چلائیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق جھڑپوں میں ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔