ڈھاکا: بنگلادیش میں طلبہ نے ساتھیوں کی رہائی نہ ہونے پر آج سے احتجاج پھر شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں طلبہ ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں، ساتھیوں کی رہائی نہ ہونے پر طلبہ نے آج سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ ہفتے ہونے والے پُرتشدد احتجاج میں 205 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، جب کہ سرکاری طور پر 147 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں 2357 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
طلبہ کو مظاہروں کے دوران اور اسپتالوں سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، اس وقت نصف درجن طلبہ رہنماؤں سمیت ہزاروں مظاہرین جیلوں میں قید ہیں۔
بنگلادیش میں طلبہ نے سرکاری ملازمتوں کے کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج کیا تھا، جس کے بعد بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں 93 فی صد اوپن میرٹ مقرر کر دیا تھا، حکومت نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کر دی ہے لیکن مظاہرے روکنے کے لیے پچھلے ہفتے سے ملک بھر میں کرفیو تاحال نافذ ہے۔