بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس نے بنگلہ دیشی فلم اسٹار کو غیر قانونی طور پر رہنے اور جعلی دستاویزات کے ذریعے پاسپورٹ حاصل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریا نامی بنگلہ دیشی اداکارہ فلم انڈسٹری میں آروہی کے نام سے مشہور ہیں جنہیں ہل لائن پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا۔
ملزمہ کی گرفتاری اُس وقت عمل میں لائی گئی جب ان کی ایک دوست نے پولیس کو اطلاع دی کہ ریا بنگلہ دیشی شہریت رکھتی ہیں اور یہاں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔
ریا کے خلاف بی این ایس ایس کی مختلف دفعات دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ساتھ غیر ملکی قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں ان کی والدہ انجلی، والد اروند، بھائی رویندر اور بہن ریتو کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
والدہ اور والد اس وقت قطر میں مقیم ہیں جبکہ پولیس ملزمہ کے بھائی اور بہن کی تلاش میں ہے۔
کیس کی تفتیش کرنے والے سب انسپکٹر سنگرام ملکر نے بتایا کہ ریا کی والدہ اپنی دو بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ بھارت آئی تھیں اور تب سے جعلی دستاویزات حاصل کر کے غیر قانونی طور پر مقیم تھیں۔
ریا کی والدہ نے اپنے اور بچوں کے جعلی برتھ سرٹیفکیٹ فراہم کر کے پاسپورٹ بنوائے۔ ریا کی دستاویزات کی تصدیق سے پتا چلا کہ اس کے برتھ سرٹیفکیٹ، اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ میں تین مختلف مقامات پیدائش درج ہیں۔
بنگلہ دیشی اداکارہ ریا کئی پروڈکشن ہاؤسز سے وابستہ رہی ہیں اور کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ انہیں ممبئی پولیس نے جسم فروشی سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔