اتوار, جنوری 26, 2025
اشتہار

بنگلہ دیشی آرمی چیف کی وارننگ کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد مستعفی، بھارت روانہ

اشتہار

حیرت انگیز

بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد عوامی احتجاج اور آرمی چیف کی وارننگ کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے اور بھارت روانہ ہو گئی ہیں۔

بنگلہ دیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف شروع ہونے والا ملک گیر احتجاج جو سول نافرمانی کی تحریک اور بنگلہ وزیراعظم حسینہ واجد سے نجات کی مہم میں تبدیل ہو گیا تھا رنگ لے آیا ہے۔ طلبہ کے سخت احتجاج کے بعد آرمی چیف کی جانب سے 45 منٹ میں اقتدار چھوڑنے کی وارننگ کے بعد شیخ حسینہ واجد بھارت روانہ ہو گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار نے اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم حسینہ واجد کو 45 منٹ میں اقتدار چھوڑنے اور استعفیٰ دینے کی وارننگ دی تھی۔

- Advertisement -

 

رپورٹ کے مطابق حسینہ واجد فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت روانہ ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کوٹا سسٹم کے ساتھ بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف اس وقت ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد افراد سڑکوں پر موجود ہیں جب کہ مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 300 کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے بعد بنگلہ دیش میں دوبارہ کرفیو نافذ کیا جاچکا ہے جب کہ حسینہ واجد نے مظاہرین کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان کیا تھا جس کے ساتھ ہی حکومت نے کرفیو میں لوگوں کو گھروں میں رہنے اور خلاف ورزی پر فوری گولی مارنے کا حکم دیا تھا جب کہ ملک بھر میں بدھ تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا تھا۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار نے واضح کہہ دیا ہے کہ فوج عوام کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔ عوام کے جان و مال اور اہم سرکاری تنصیبات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب شیخ حسینہ واجد کے استعفے کے بعد بنگلہ دیش میں مظاہرین نے جشن منانا شروع  کر دیا ہے اور لوگ ایک دوسرے کو جابر حکومت سے خاتمے پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں