اسلام آباد : پاکستان لائرز فورم کے عہدے داران نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم عوام کے قتل عام میں ملوث ہیں، ان کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، لہٰذا حکومت سیاسی مصلحتوں سےبالاتر ہو کر ملک دشمنوں کو کٹہرے میں لائے۔
ان خیالات کا اظہار فورم کے صدرراجہ ظہور نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ اور بھارتی ایجنسی ’’را‘‘کے روابط ثابت شدہ ہیں، اس کے علاوہ اجمل پہاڑی اور صولت مرزا کےاعترافی بیان سے سب ثابت ہو چکا ہے۔ بانی ایم کیو ایم کے حکم پر درجنوں صحافیوں کو قتل کیا گیا، برطانوی حکومت ان کو کیوں تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
لائرز فورم کے عہدیداران نے کہا کہ حکومت سیاسی مصلحتوں سےبالاتر ہو کر ملک دشمنوں کو کٹہرے میں لائے، پاکستانی حکومت کو برطانیہ سے قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنا چاہیئے تاکہ ملک کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جاسکے۔
اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان لائرز فورم نے حکومت برطانیہ سے بانی ایم کیوایم کو پاکستان کےحوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔