کراچی: شہر قائد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والا ایک اور بیوپاری لٹ گیا، ڈاکوؤں کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعید آباد مختار گھمن چوک پر بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹ لیا گیا، متاثرہ شہری کی جانب سے درخواست اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔
درخواست گزار محمد سعید نے کہا ’’میں گلشن غازی بلاک اے میں رہتا ہوں اور مویشیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہوں، بینک سے 3 لاکھ روپے کیش لے کر نکلا تھا، لٹیروں نے لوٹ لیا۔‘‘
درخواست گزار کے مطابق 2 موٹر سائیکل سوار آئے اور تلاشی لینا شروع کر دی، لٹیرے اسلحے کے زور پر 3 لاکھ 2 ہزار روپے لے کر فرار ہو گئے۔ محمد سعید نے درخواست کی ملزمان کو گرفتار کر کے اس کی رقم واپس دلوائی جائے۔
ڈاکوؤں نے آتے ہی پٹرول پمپ کیشیئر سے ساری رقم چھین لی، فوٹیج
واضح رہے کہ سعید آباد تھانے کے علاقے مواچھ گوٹھ کے مین اسٹاپ کے قریب واقع پٹرول پمپ پر 2 روز قبل ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کا مقدمہ پمپ کی انتظامیہ نے درج کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ کراچی میں پٹرول پمپوں پر ڈکیتی کی وارداتیں عام ہو چکی ہیں، رقم چھیننے والے لٹیرے دیدہ دلیری سے واردات کر کے فرار ہو جاتے ہیں، شہری اور تاجر خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔ شہر قائد میں بینک سے رقوم لے کر نکلنے والے شہری بھی مسلسل لٹیروں کے نشانے پر ہیں۔